ویکسین نہ لگوانےوالے ریلوے مسافروں پر کوویڈ چارج لاگو ہوگا

اکتوبر2020 سے بغیر ویکسین سفر پر پابندی ہوگی
Train

پاکستان ریلوے نے یکم ستمبر 2021 سے ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر کوویڈ چارج لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ریلوے نازیہ جبین نے بتایا کہ اگلے ماہ سے فی مسافر 10فیصد کوویڈ چارج کیا جائے گا اور مسافروں کو دوران سفر کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ یکم جنوری 2022 سے صرف 20سال سے کم عمر والے مسافروں کو ویکسین کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ کوویڈ چارج کا اطلاق فی الحال 20سال سے کم عمر افراد پر نہیں کیا جائے گا۔

نازیہ جبین نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا تاکہ ٹرین میں سفر کرنے والے مسافر جلد از جلد کرونا ویکسین لگوا لیں اور اس حوالے سے مختلف طریقوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ریلوے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31مارچ 2022 ہے اور اس کے بعد بغیر ویکسین سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت کرونا وباء کے باعث یومیہ 35 سے 45ہزار مسافر ٹرین کا سفر کرتے ہیں۔ ریلوے نے کرونا سے بچاؤ کے لیے مسافروں کی تعداد 100فیصد سے کم کرکے 70فیصد کی ہوئی ہے۔

ملک بھر میں ویکسینیشن کے بغیر ریل کے سفر پرپابندی

دوسری جانب پیر 9اگست کو این سی او سی نے یکم اکتوبر 2021ء سے بغیر ویکسین کے ٹرین کے سفر پر پابندی لگا دی۔ صرف وہی شہری ریل کا سفر کرسکیں گے جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی ہوگی۔

اس متعلق ترجمان ریلوے نازیہ جبین نے تصدیق کی کہ مسافروں پر کوویڈ چارج 30ستمبر تک لاگو رہے گا جس کے بعد یکم اکتوبر سے کوویڈ چارج ختم کرکے ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل ریلوے نے یکم اپریل 2022 سے بغیر ویکسین والے مسافروں کے سفر کرنے پر پابندی لگائی تھی۔

 کوویڈ چارج ٹرین کی ہر کلاس پر لاگو ہوگا۔ مثال کے طور پر کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا ٹکٹ 1850 روپے ہے لیکن 10فیصد اضافے کے بعد یہ ٹکٹ 2ہزار35 روپے کا ہو جائے گا۔

اسی طرح اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا ٹکٹ 3400 روپے سے بڑھ کر 3740، اے سی بزنس کا ٹکٹ 4700 سے بڑھ کر 5170 اور اے سی سلیپر کا ٹکٹ 6700 سے بڑھ کر 7370 روپے کا ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں مختلف شہروں کے درمیان اپ اور ڈاؤن کی ملا کر کل 86 ٹرینیں چلتی ہیں۔

PAKISTAN RAILWAYS

Tabool ads will show in this div