کارکنان تیاری پکڑیں،کسی بھی وقت عام انتخابات ہوجائینگے،بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات وقت سے پہلے ہونے کا امکان ہے، کارکناں اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف پیپلز پارٹی ہی چلا سکتی ہے۔ موجودہ حکومت میں بدترین دھاندلی ہو رہی ہے۔ اگر کراچی کو بچانا ہے تو پی ٹی آئی کو بھگانا ہوگا۔ عوام جان چکی ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ غربت ہے۔
ایم کیو ایم پر تنقید
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے پی پی چیئرمین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے دہشت گردوں کا راج ختم ہوچکا۔ پی ٹی آئی کی شکل میں نئی ایم کیو ایم سامنے آئی ہے۔ کراچی سے لے کر کشمیر تک سلیکٹڈ کو بھگائیں گے۔ اب ہمیں دیگر مسائل سلجھانے کے ساتھ ساتھ کراچی میں پانی کی چوری کو روکنا ہوگا۔ کراچی میں پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے، صوبہ سندھ کو پانی کا حق نہیں دیا جاتا، ارسا اپنا رول ادا نہیں کرتا، عمران خان نے کراچی میں ڈی سالنیشن پلانٹ کا وعدہ کیا تھا۔ سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا حق نہیں دیا جاتا۔
اگلی حکومت پی پی کی ؟
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے وفاق اور ایم کیو ایم کا مقابلہ کیا۔ کراچی میں بھی پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ کراچی کو صرف پیپلز پارٹی ہی بچا سکتی ہے، ہمیں ایک ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کراچی سے آپ نے بدمعاشوں کو بھگانا ہے، آپس کے اختلافات کو 6 سے 8 ماہ تک ختم کر دیں۔
کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت جنرل الیکشن ہوسکتے ہیں، کارکن ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ اگر ہم مل کر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اگلی حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی۔ اگر اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی بنانی ہے تو کراچی کی سیٹوں اور اونرشپ کی ضرورت ہے۔ صورت حال کے حوالے سے اپنی تياری کر رہے ہيں۔ آنے والے وقتوں ميں پيپلز پارٹی معاملات سنبھال سکتی ہے۔