جڑواں شہروں میں شدید بارش،وزیراعظم کی شہریوں سے احتیاط کی تاکید

وزیراعظم عمران خان نے جڑواں شہروں میں شدید بارش کے بعد شہریوں سے احتیاطی اقدامات لینے کی تاکید کی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وزیراعظم عمران خان کا شہریوں کیلئے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شدید بارشوں میں شہری خصوصی احتیاط برتیں۔
اس موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے موجودہ حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔
واضح رہے کہ بدھ 28 جولائی کی علی الصبح اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش سے وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ متعدد گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ پانی گھر میں داخل ہونے سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
ایف ٹین، ای الیون اور ڈی ٹوایلیوو کے سیکٹرز سب سے زیادہ متاثر ہوئے، پانی گھروں اور پلازوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہیں ہیں۔
راولپنڈی میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے 21 فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے بعد وقتی طور پر صورت حال قابو میں ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات ایک با ر پھر اسی شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب شدید بارش پر ڈی سی اسلام آباد اور محکمہ موسمیات کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آئے، کسی کا کہنا تھا کہ شدید بارش بادل پھٹنے کے باعث ہوئی ہیں، جب کہ دوسری جانب سے اس بیان کی تردید کی گئی۔
With the heavy monsoon rains I want to alert and caution our citizens to take special care. I have also directed all the relevant reponse agencies including NDMA to be on high alert with ready & rapid emergency response actions.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 28, 2021