راولپنڈی: ماں اور شیرخوار بچے کےقتل میں ملوث ملزم گرفتار
راولپنڈی کے علاقے مہوٹہ موہڑ میں بھیک مانگنے والی خاتون اور اُس کے 14ماہ کے بچے کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
چونترہ پولیس نے تین دن بعد قتل میں ملوث ملزم واجد علی کو چک بیلی خان سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم واجد بار بار اپنی لوکیشن تبدیل کرتا رہا۔ ایف آئی آر میں ملزم پر قتل، اقدام قتل اور خاتون کے ساتھ ریپ کی دفعات بھی شامل ہیں۔
مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر متن کے مطابق ملزم واجد علی مقتولہ کا جاننے والا تھا جوکہ مقتولہ اور بچے کو موٹر سائيکل پر لے کر گيا تھا۔
درخوستگزار کے مطابق وہ اپنی بہن اور ماموں کے ساتھ بھیگ مانگنے نکلی، راستے میں واجد ملا جو اُسکی بہن اور ڈیڑھ سالہ بچے کو اپنے ہمراہ موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گیا اور کہا دو گھنٹے میں واپس لے آئے گا۔
کچھ دیر بعد ملزم موٹر سائیکل پر تیزی سے اُن کے پاس گزرا تو انہیں شک ہوا۔ ماں بچے کو تلاش کیا تو دونوں کچھ دور جنگل میں شدید زخمی حالت میں ملے جہاں دونوں کے گلے پر تیز دھار آلے کے گہرے زخم تھے۔
زخمی بہن نے بتایا کہ واجد نے ریپ کیا اور شور کرنے پر چھری سے حملہ کر دیا۔ بچہ اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا جبکہ ماں دوسرے اسپتال میں چل بسی۔
مقتولہ گلے پر گہرے زخم کے باعث پولیس کو بیان بھی ریکارڈ نہ کرا سکی۔