آزاد کشمیر: گیلپ سروے میں ٹاپ فائیو لیڈرز کون
گیلپ نے آزاد کشمیر میں اپنے سروے کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے تحت عمران خان مقبول ترین لیڈر ہیں جبکہ مقبولیت میں دوسرے نمبر پر بلاول بھٹو ہیں۔
آزاد کشمیر میں مقبولیت کے اعتبار سے شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور بھتیجی مریم نواز سے آگے ہیں اور ان کا نمبر تیسرا ہے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہيں۔
عوامی سروے ميں عمران خان 67 فیصد مقبولیت کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، بلاول 49 فیصد کے ساتھ نمبر ٹو، شہباز شریف 48 فیصد کے ساتھ نمبر تھری، نواز شریف 46 فیصد کے ساتھ چوتھے اور مریم نواز 45 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہیں۔ جبکہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی ، تحریک لبیک اور آزاد امیدواروں کی مقبولیت ایک فیصد سے زیادہ نہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق عوام سے پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں 25 جولائی کے انتخابات کون سی پارٹی جیتے گی جس پر 44 فیصد کا جواب پی ٹی آئی تھا، 12 فیصد کے خیال میں جیت ن لیگ کی ہوگی اور 9 فیصد کی رائے میں میدان پیپلز پارٹی مارے گی جبکہ 28 فیصد لوگوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا۔ کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ ہونے کی دعویدار مسلم کانفرنس کی جیت کا یقین صرف 3 فیصد لوگوں کو ہی ہے۔