افغان سفیرکی بیٹی سےمتعلق تحقیقات آخری مراحل میں ہیں، وزیرخارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر تحقیقات اب آخری مراحل میں ہیں۔
ملتان میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہيں تو افغانستان کو فون ڈيٹا تک رسائی دینا ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تفتيش ميں افغان سفير کی موجودگی ضروری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ داسو واقعے کی جڑ تک پہنچ چکے ہیں جلد سازشی عناصر کو بے نقاب کريں گے۔ ملک دشمن عناصر سی پيک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہيں۔
انہوں نے کہا کہ کل چين جا رہا ہوں جہاں افغانستان اور سی پيک سے متعلق اہم گفتگو ہوگی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فيٹف پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بيان سے بلی تھيلے سے باہر آگئی ہے۔ بھارت ہر جگہ ناکام جبکہ پاکستان کے عالمی کردار ميں اضافہ ہو رہا ہے۔
افغان سفیرکی بیٹی اغوانہیں چندگھٹنوں کیلئےلاپتاہوئی،شیخ رشید
افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا
جمعہ 16جولائی کو اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور کچھ گھنٹوں بعد چھوڑ دیا۔
واقعے کے بعد افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔ افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان اپنے سفیر اور دیگر سینیئر سفارت کاروں کو کابل واپس بلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات ختم ہونے تک تمام سفیر کابل میں ہی رہیں گے۔ مطالبہ کیا کہ اغوا کاروں کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں صرف چند گھنٹوں کیلئے لاپتا ہوئی۔ سفیر کی بیٹی نے 4 مختلف ٹیکسیاں تبدیل کیں، چاروں ڈرائیور اور ٹیکسیاں ہماری تحویل میں ہیں۔