اہم خبر: سعودی عرب کی جیلوں سےدرجنوں پاکستانی رہا
ذیل میں آج بروز بدھ 21 جولائی کی اہم خبروں کا احوال دیا گیا ہے۔
اللہ اکبر کی صدائیں مغفرت اور کرونا سے نجات کی التجائیں۔ ملک و ملت کے لیے خصوصی دعائیں۔ ملک بھر میں عید الاضحی پر روایتی اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ چھوٹی بڑی مساجد ميں نماز عيد کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی۔
عيد الاضحٰی پر صدر مملکت کی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد۔ قوم کے اپنے پيغام ميں کہا کہ قوم کرونا کے عالمی امتحان ميں سرخرو ہونے کے لئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔
وزیراعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ سعودی عرب کی جیلوں سے مزید درجنوں پاکستانی رہا۔ باسٹھ پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے واپس وطن پہنچ گئے۔ عید اپنوں کے ساتھ منائیں گے۔ وزيراعظم نے ٹويٹ کيا۔ لکھا بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مدد حکومت کی عوام سے وابستگی ہے۔
لاہور سميت پنجاب کے کئی شہروں ميں بارش۔ کالا باغ ميں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور دو بيٹياں جاں بحق ہو گئيں۔ والد اور ايک بيٹٰ زخمی۔ حافظ آباد ۔۔۔ چيچہ وطنی ۔۔۔ سانگلہ ہل ۔۔۔ شاہ کوٹ ۔۔۔ کماليہ ميں بادلوں نے خوب زور دکھايا ۔۔۔ فيڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
ٹی20 سيريز بھی انگلينڈ کے نام۔ تيسرے ميچ ميں گرين شرٹس کو تين وکٹوں سے ہرا ديا۔ پاکستان نے جيت کے لئے ايک سو پچپن رنز کا ہدف ديا۔ انگلينڈ نے آخری اوور ميں حاصل کر ليا۔ جيسن رائے چھتيس گيندوں پر چونسٹھ رنز بنا کر نماياں رہے۔
نوازشريف نے نريندر مودي کے ذريعے عمران خان کا فون ہيک کرانے کی کوشش کی۔ وزير مملکت فرخ حبيب کا تہلکہ خيز دعویٰ۔
سائبر وار ميں دشمن کی سازشيں کيسے ناکام بنائی جائيں؟۔۔ سماء کی خصوصي نشريات ميں آئي ٹي ماہرين نے تجاويز پيش کيں۔ سائبر سيکيورٹی کيلئے خصوصی اقدامات پر زور ديا۔ معاون خصوصي شہباز گل کہتے ہيں پاکستان ميں سائبر حملے نئی بات نہيں۔ سابق حکمران بھارت کے ساتھ مل کر جاسوسی کرتے رہے ۔۔ ڈان ليکس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اسلام آباد میں سابق پاکستانی سفارت کار کی بیٹی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے ایک شخص گرفتار کر لیا۔ مقتولہ شوکت علی مقدم کی صاحبزادی تھيں۔ شوکت علی مقدم قازقستان اور جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر رہے۔
افغان سفير کی بيٹی اغوا نہيں ہوئی۔ يہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ وزير داخلہ شيخ رشيد کا تحقيقات مکمل ہونے پر بڑا بيان۔ بولے چاہتے ہيں سفير کی صاحبزادی تعاون کريں۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار نور محمد گوٹھ ميں ڈکيتی مزاحمت پر فائرنگ۔ مدرسہ مہتمم جاں بحق۔ پوليس کے مطابق ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے مفتی ندا محمد سے دو موبائل فون بھی چھینے۔ جائے وقوعہ سے تيس بور کا خول ملا۔ اورنگی ٹاؤن ميں ڈکيتی مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ۔ کار سوار شديد زخمي ہوگيا۔
گوجرانوالہ ميں بغير اجازت تيسری شادی ۔۔ پہلی بيوی نے بھری محفل پر ہلہ بول ديا۔ گھر والوں کے ساتھ شادی ہال پہنچ گئی۔ دولہا کی پٹائی کردی۔ لاتوں اور گھونسوں کا استعمال۔ کرسياں بھی دے ماريں۔
یورپی مہم جو اور پاک فوج کي پیرا گلائیڈرز کي ٹیم کا نيا ريکارڈ۔ دشوار حالات ميں آٹھ ہزار چار سو سات میٹر کی بلند پرواز۔ اس سے پہلے عالمی ریکارڈ آٹھ ہزار ايک سو ستاون میٹر تھا۔
ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے لئے ویٹ لفٹر طلحہ طالب لاہور سے جاپان روانہ ہوگئے۔ 7سڑسٹھ کلو گرام کیٹگری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔