افغانستان میں نیا تنازع پاکستان کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کوئی نیا تنازع پاکستان کے مفاد میں نہیں، امن صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امور زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان امن عمل تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید سلطان بھی موجود تھے
وزیراعظم نے امریکی نمائندے کو افغان عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار سے آگاہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے، افغانستان میں کوئی نیاز تنازع پاکستان کے مفاد میں نہیں۔
دوران گفتگو عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع سے مہاجرین کی آمد کا خدشہ ہے، محفوظ مغربی سرحد ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن افغانستان سے خطے میں معاشی تعاون آئے گا، بزورِ طاقت حکومت مسلط کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، امن صرف مذاکرات کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات ہی افغانستان میں امن لاسکتے ہیں، امن کیلئے امریکا اور دیگر ممالک سے رابطے میں رہیں گے، افغان تنازع میں شدت سے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہونگی، تمام افغان اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں وہ لچک دکھائیں۔