مستونگ: بچے کوبدفعلی کے بعدقتل کرنیوالے 3ملزمان گرفتار
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 10 سالہ بچے کو بدفعلی کے بعد قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد عمل میں آئی۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر (ر) محمد الیاس کبزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کہ 12 جولائی کو کانک کے علاقے بشام دولیے میں 3 ملزمان نے 10 سالہ بچے سے بدفعلی کی اور اسے قتل کرکے لاش ویران پہاڑی علاقے میں پھینک دی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ بچے کے قتل کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے قبر کشائی کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ایک اسپیشل میڈیکل ٹیم طلب کرکے مجسٹریٹ کی موجودگی میں بچے لاش سے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے مختلف نمونے حاصل کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ نے بتایا کہ تمام شاہد مزید تحقیقات کیلئے فارنزک ادارے کو بھجوائے گئے، جس کی رپورٹ کی روشنی میں بچے کو بدفعلی کے بعد قتل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش تینوں گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کو بدفعلی کے بعد قتل کرکے پہاڑی علاقے میں پھینک دیا تھا۔