مریم نواز مودی کےبجائے عمران خان پرتنقید کررہی ہیں،فرخ حبیب

ندیم ملک لائیو میں گفتگو

وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز آزاد کشمیر الکیشن مہم میں نریندر مودی کے مقبوضہ وادی میں مظالم کے بجائے عمران خان پر تنقید کررہی ہیں۔ سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز پانامہ کیس میں رسیدیں دینے کے بجائے قطری خط لے آئیں تھیں مگر آج وہ کہہ رہی ہیں کہ نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جب نوازشریف نریندرمودی کی تقریب حلف برداری میں بھارت گئے تھے تو انہوں نے مودی کی خوشی کے لیے روایت کے برعکس حریت رہنماؤں سے ملاقات تک نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے افغانستان گئے تھے لیکن نوازشریف نے واپسی پر انہیں اپنے گھر بلالیا۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پیٹرل ہمیں باہر سے منگوانا پڑتا ہے اور جب انٹرنیشنل منڈی میں قمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا اثر ہم پر بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیٹرولیم لیوی کم کردی ہے اگراس پر 24 روپے کی گزشتہ لیوی ہوتی تو آج پیٹرول 140 روپے فی لیٹر ہوتا لیکن جیسے ہی بیرونی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی ہم بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کسانوں کو اپنی فصل کی مناسب قیمت ملی ہے جس کی وجہ سے پیداوار بھی بڑھ گئی ہے اور کسان بھی خوشحال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف جو زبان آصف زرداری اور بلاول بھٹو شہبازشریف کے بارے میں استعمال کرتے تھے وہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جب ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ملک کا وزیراعظم چور ہے۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے ابھی تک ماضی میں منہ چھپائے پھررہے ہیں یہ اپنی کارکردگی بتایں کہ کیا اس حکومت میں کوئی ایک دن ایسا گزار ہے جب عوام نے سکون سے گزارا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف تقریر اچھی کرسکتے ہیں اس کے علاوہ انہیں کچھ نہیں آتا حالاں کہ انہیں ماحول بھی سازگار ملا مگر ان میں کام کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور ذوالفقارعلی بھٹو بھی انسان تھے لہٰذا غلطیاں ان سے بھی ہوئی ہوں گی لیکن حکومتی وزیروں کی بدزبانی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا اس لیے کرتے ہیں تاکہ کوئی ان سے ان کے کیے گئے وعدوں کے بارے میں سوال نہ پوچھ لے۔ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پارلیمنٹ میں اتنی بدتمیزی کبھی نہیں ہوئی جتنی اس دور حکومت میں ہورہی ہے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عام لوگوں کو ڈالرریٹ اور معیشت کے اعداد وشمار سے نہیں مہنگائی سے مسئلہ ہے۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں بنیادی اشیائے ضروریہ بشمول آٹا،چینی اور دالیں مہنگی ہیں جس کا ڈالر ریٹ سے کوئی تعلق نہیں یہ صرف حکومت کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت کی سنجیدگی کا حال یہ ہے کہ امورکشمیر کا وزیرعلی امین گنڈاپور کو لگایا گیا ہے۔

Tariq Fazal Chohadry

Farrukh Habib

PTI vs PMLN

Tabool ads will show in this div