کالعدم ٹی ایل پی سربراہ سعدرضوی کی نظربندی میں توسیع

کمشنر لاہور نے 90روز توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں 90 روز کی توسیع کردی گئی۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے 20 اپریل کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس سے قبل ہی کالعدم ٹی ایل پی سربراہ سعد حسین رضوی کو حراست میں لے کر 90 روز کیلئے نظر بند کردیا گیا تھا۔

علامہ خادم حسین رضوی کے بیٹے سعد حسین رضوی کی نظر بندی آج ختم ہورہی تھی، ان کی متوقع رہائی کیلئے کارکنان کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچی تھی۔

پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سعد حسین رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے کمشنر لاہور مدثر ریاض نے تحریری احکامات جاری کردیئے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی نظر بندی میں 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ کی نظر بندی میں توسیع کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت تین ماہ قبل کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرچکی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی لیڈر کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت فورتھ شیڈول میں بھی شامل کرچکی ہے۔

TLP

SAAD HUSSAIN RIZVI

Tabool ads will show in this div