کروناکی تباہ کاریاں، انڈونیشیا میں ایک ہزار سے زائد اموات
کرونا وائرس نے ايک بار پھر دنيا بھر ميں دہشت پھيلا دی، وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، انڈونيشيا ميں ايک ہی دن ايک ہزار سے زيادہ افراد موت کی نيند سوگئے، بنگلہ ديش ميں بھی ريکارڈ اموات ہوئيں، جاپان، شمالی اور جنوبی کوريا ميں بھی مہلک وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی۔
کرونا وائرس پھر کنٹرول سے باہر ہونے لگا، انڈونيشيا ميں ايک ہی دن ريکارڈ 34 ہزار 379 کيسز نے ملک کو ہلا کر رکھ ديا، بدھ کو 1040 افراد لقمۂ اجل بن گئے، خدشہ ظاہر کيا جارہا ہے کہ يوميہ کيسز کی تعداد 70 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
انڈونیشیا میں پے در پے کيسز کے بعد اسپتالوں ميں بحرانی کيفيت پيدا ہوگئی ہے، آکسيجن اور بيڈز کی کمی ہے، لوگ سڑکوں پر کفن پہن کر عوام سے اپيل کر رہے ہيں کہ گھروں پر رہيں، ايس او پيز پر عمل کريں۔
بنگلہ ديش ميں بھی کرونا وائرس بے قابو ہورہا ہے، 24 گھنٹوں ميں ريکارڈ 11 ہزار 162 افراد ميں وائرس کی تصديق ہوئی، 201 افراد انتقال کرگئے، مہلک وائرس شہروں کے بعد ديہات پر حملہ آور ہے، اسپتال بھرے ہوئے ہيں، ملک ميں لاک ڈاؤن ميں مزيد ايک ہفتہ توسيع کردی گئی ہے۔
جنوبی کوريا ميں کرونا پابنديوں ميں نرمی کے کچھ ہی روز بعد وائرس آؤٹ آف کنٹرول ہوگيا، دارلحکومت سيؤل ميں ايک ہی دن 1212 نئے کيسز سامنے آنے کے بعد پابندياں مزيد سخت کردی گئیں۔
امريکا، بھارت، برازيل، فرانس، روس اور برطانيہ بھی کرونا وائرس سے نمٹ رہے ہيں۔ جاپان ميں کرونا کی نئی لہر کے بعد ٹوکيو ميں ايمرجنسی لگانے کا فيصلہ کيا گيا ہے، يہ ایمرجنسی ٹوکيو اولمپکس کے دوران بھی نافذ رہے گی، جو رواں ماہ شروع ہورہے ہیں، انتظاميہ ميگا ايونٹ ميں تماشائيوں کی شرکت پر پابندی لگانے کا بھی سوچ رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ایک بار پھر سخت پابندیوں کا اشارہ دیا ہے، ان کا کہنا ہےکہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو دوبارہ لاک ڈاؤن لگاسکتے ہیں۔