ملک گیرلاک ڈاؤن کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،اسدعمر

اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے

این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیراسد عمر نے ملک میں دوبارہ بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن نافذ ہونے کا امکان مسترد کردیا ہے۔

اسلام آباد میں جمعرات کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے نیشنل یوتھ کونسل کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور وزیراعظم عمران خان کا یہ بنیادی اصول ہے۔پاکستان کے تمام صوبوں کو اس کونسل میں حصہ بنایا گیا ہے اور کونسل کے ذریعے نوجوانوں سے رابطہ بڑھے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے پالیسی سازی میں نوجوانوں کا حصہ لازمی ہونا چاہیے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ دنیا سے سیکھیں لیکن خود پر اعتماد بھی رکھیں اور اپنے ذہنوں کو غلامی سے آزاد کردیں۔

کرونا وائرس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 دن پہلے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر جولائی میں احتیاط نہ کی گئی توکرونا وائرس کی چوتھی لہر آسکتی ہے۔اسد عمر نے واضح کردیا کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کی طرف جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اورمکمل لاک ڈاؤن کی طرف اب نہیں جائیں گے البتہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔

آزاد کشمیر سے متعلق انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو بدھ کوخط تحریر کیا ہے کہ وادی میں انتخابی مہم کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ اس خط کے ساتھ کرونا کی خلاف ورزیوں کی تصاویر لگائی ہیں اور الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے درخواست کی تھی کہ آزاد کشمیر میں انتخابات 2 ماہ کےلیے ملتوی کردیں۔

LOCK DOWN

Tabool ads will show in this div