کراچی میں کرونامریضوں کی تعدادایک لاکھ 80ہزار تک پہنچ گئی

سب سے زیادہ کیسز ضلع شرقی میں رپورٹ ہوئے

کراچی میں ویکسینیشن کے باوجود کرونا وائرس کیسز کی شرح 11 فیصد پر برقرار ہے، اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں سب سے زیادہ 73 ہزار 141 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ضلع غربی میں سب سے کم 16 ہزار 839 کرونا مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ضلع وسطی میں 50 ہزار اور ضلع جنوبی میں 30 ہزار کرونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ کراچی بڑی آبادی والا شہر ہے اور یہاں کافی گنجان آبادیاں ہیں جس کی وجہ سے ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت یہاں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

سیکریٹری صحت نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا کاروباری مرکز ہے اور اس میں لاکھوں ملازمت کرنیوالے افراد خراب صورتحال میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے چند روز قبل ہی کرونا وباء سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی ہے، جس میں ایس او پیز کے ساتھ ریسٹورانٹس میں کھانے کی اجازت، بس سروسز اور سنیما کھولنے کی اجازت شامل ہے، جس کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری کرونا وائرس سے متعلق تازہ صورتحال میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے مجموعی اموات 5 ہزار 536 ہوگئیں جبکہ 953 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، کرونا مریضوں میں اموات کی شرح 1.6 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 16 ہزار 218 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 953 افراد کی رپورٹس مثبت آئیں، اب تک 45 لاکھ 96 ہزار 490 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن میں 342 ہزار 211 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، 92.2 فیصد یعنی 3 لاکھ 15 ہزار 378 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں21 ہزار 297 مریض زیر علاج ہیں، جن میں 20 ہزار 581 گھروں پر، 60 آئسولیشن سینٹرز اور 656 مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 656 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 48 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مراد علی شاہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 953 نئے کیسز میں 722 کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ ان میں 239 مریض ضلع شرقی سے تعلق رکھتے ہیں، ضلع وسطی اور غربی میں 161، 161، ضلع غربی میں 56، ضلع ملیر میں 55 اور ضلعی کورنگی سے 50 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Tabool ads will show in this div