لاہوردھماکا: بھارتی ایجنسی نے 2پاکستانی فیملیز کو بھی استعمال کیا

معاون خصوصی طلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ لاہور دھماکے کے تمام کردار اپنے سہولتکاروں سمیت بے نقاب ہوچکے ہیں۔ سماء کے پروگرام سات سے آٹھ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دبئی میں مقیم 2 پاکستانی فیملیز بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ہاتھوں استعمال ہوئی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے دشمن کے ہاتھوں میں ایک ایسے وقت میں کھلونا بنے ہیں جب ملک ایف اے ٹی ایف کی گرے لیسٹ سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت نے کبھی بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ سے ملک میں بدامنی کی کوششیں کی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ملوث سہولتکاروں اور فائنانسرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور دبئی میں موجود سہولتکاروں تک بھی جلد پہنچا جائے گا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دبئی میں موجود لوگ بھی پاکستانی ہیں اور ممبئی میں موجود ایجنٹ سے رابطے میں تھے جس کے تانے بانے بھی انٹیلی جنس ادوروں نے کھوج نکالے ہیں۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف یہ تھا کہ دنیا کو باور کرایا جائے کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دھماکے میں ملوث 10 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور تمام افراد کا تعلق اسی نیٹ ورک سے ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ماسٹرمائنڈ کا تعلق اقلیتی براردری سے ہے جو کراچی کا رہائشی ہے اور اسی شخص نے پورا منصوبہ بنایا تھا۔ دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کی سیکیورٹی چیک پوسٹ سے گزرنے کے سوال پر فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ہزاروں گاڑیاں روزانہ چیک پوسٹوں سے گزرتی ہے یہ انسانی غلطی ضرور ہے لیکن مسئلے کا حل ٹیکنالوجی ہے اور آئندہ کےلیے ٹینکالوجی کا سہارا لیا جائے گا۔