خانیوال:معصوم بچی دیوربھابھی جھگڑےکی بھینٹ چڑھ گئی

خانيوال ميں چار سالہ بچي کے قتل کا معمہ حل ہوگيا اور تفتیش سے پتہ چلا کہ اس معصوم کا قاتل کوئی اور نہیں بلکہ اس کا سگا چچا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی بچی اپنی ماں اور چچا کے بیچ ہوئے جھگڑے کی بھینٹ چڑھی۔ ملزم بچی کا حقیقی چچا ہے جس کی اپنی بھابھی یعنی بچی کی ماں کے ساتھ ناچاقی ہوئی جس پر بدلے کی نیت سے اس نے اپنی سگی بھتیجی کو قتل کردیا۔ گرفتار ملزم کے اعترافی بیان کے مطابق وقوعہ والے روز بچی باہر کھیل رہی تھی جسے وہ گھر کے اندر لایا اور اس کے منہ پر تکیہ رکھ کر سانس گھونٹتے ہوئے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بعد ازاں بوری میں بند کر کے رکشہ کے ذریعے نعش کھیتوں میں پھینک آیا۔ جس دوران بچی لاپتہ تھی ملزم گھر والوں کے ساتھ مل کر بظاہر بچی کو تلاش کرنے ميں بھی پيش پيش رہا۔ پوليس کے مطابق ميڈيکل رپورٹ میں بچی سے کوئی زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔ بچی کی نمازجنازہ ميں اہل علاقہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔