یکم جولائی سے سنیما کھولنے اور انڈور ڈائننگ کی اجازت
کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کردی گئی۔ این سی او سی نے یکم جولائی سے سنیما کھولنے اور ان ڈور ڈائننگ کی اجازت دیدی، کاروباری سرگرمیاں بھی رات 10 بجے تک جاری رکھی جاسکیں گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا کیسز میں کمی کے باعث پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق یکم جولائی سے ہوٹلوں، ریسٹورانٹ اور دیگر مقامات پر انڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی، 50 فیصد گنجائش کے ساتھ صرف وہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے جو ویکسین لگواچکے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے رات ایک بجے تک مکمل ویکسینیشن والے افراد کیلئے سنیما کھولے جاسکیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کاروباری سرگرمیاں بھی رات 10 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دیدی، جو اس سے قبل رات 8 بجے تک تھی۔
این سی او سی کے مطابق اس کے علاوہ شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں 400 افراد کو بلانے کی اجازت ہوگی جبکہ 200 ویکسین شدہ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شرکت کرسکیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے مزارات کو مقررہ ضوابط کے تحت دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
مزید جانیے: کاروبار اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی شعبوں میں پابندیوں میں نرمی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تفریحی مقامات اور سوئمنگ پولز کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولا جاسکے گا، ملک میں جم کھولنے کی بھی اجازت دیدی گئی، جہاں آنیوالوں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کرنے کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹور سمیت ضروریات کے اہم کاروباروں کو 24/7 کھلنے کی اجازت ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد کی گنجائش کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
این سی او کے نئے فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوگا جبکہ 27 جولائی کو ہونیوالے اجلاس میں کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جولائی میں نویں سے 12 جماعت کے امتحانات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس بارکرونا وائرس کی وباء کے باعث بڑا عرصہ اسکول بند رہے اور آن لائن کلاسز ہوئیں، جس کے پیش نظر صرف لازمی مضامین کے پرچے ہی لئے جائیں گے۔