اسلام آبادیونائیٹڈ کوشکست، ملتان سلطانز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 2021ء کے فائنل میں جگہ بنالی۔ شاداب الیون کو ایک اور موقع ملے گا، آج دفاعی کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ایلیمنیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے کل دوسرے ایلیمنیٹر میں سامنا ہوگا۔
پی ایس ایل 6 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف دیا تھا۔ شاداب الیون 19ویں اوور کی آخری گیند پر 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، محمد اخلاق 13 اور شاداب خان 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اوپنر عثمان خواجہ نے ٹیم کی کچھ ہمت بندھائی تاہم وہ بھی 40 گیندوں پر 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کااسلام آبادیونائیٹڈ کو181رنز کاہدف
ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈٹ کر ملتان سلطانز کے بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا، افتخار احمد 16، حسین طلعت 25، حسن علی 10، محمد وسیم 13 رنز بناسکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر اور مزارابانی نے 3، 3 شکار کئے، عمران طاہر نے 2 اور عمران خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سہیل تنویر کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مزید جانیے: پی ایس ایل 2021، پہلے مرحلے کا شماریاتی جائزہ
گروپ میچز کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ٹیم تھی جبکہ ملتان سلطانز 10 پوائنٹس لے کر رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے پوزیشن پر تھی۔