پی ایس ایل کوالیفائر: ملتان سلطانز کااسلام آبادیونائیٹڈ کو181رنز کاہدف
پاکستان سپر لیگ 6 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے صہیب مقصود، جونسن چارلس اور خوشدل خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 6 کے کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا ڈالے، یونائیٹڈ کے بولرز کو آخری 5 اوورز میں 57 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی جس میں عاکف کے ایک اوور میں 29 رنز بھی شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جس کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی، لیفٹ ہینڈر اوپنر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صہیب مقصود نے 41 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
جونسن چارلس نے بھی صہیب مقصود کا خوب ساتھ دیا اور 21 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنز بنا ڈالے، سہیل تنویر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2، 2 جبکہ محمد عاکف نے ایک شکار کیا۔