پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا،وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا حصہ رہے گا اورکسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پیر کو سماء کے پروگرام نیا دن میں بات کرتےہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ افغانستان کا امن عمل نازک مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔حالیہ دورہ ترکی میں کئی ایسے ممالک موجود تھے جو افغانستان سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ کئی وزرائے خارجہ سے خطے کے مسائل پر بات کرنے کا موقع ملا اور کانفرنس میں پاکستان کا نکتہ نظر پیش کرنےکا موقع ملا۔ افغانستان میں امن ہونے کی صورت میں وسطی ایشیا کا تعلق جنوبی ایشیا سے مضبوط ہوگا۔ وزیرخارجہ نے مزید بتایا کہ قطر اور فلسطین کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں فلسطین اور خلیجی ممالک ی صورتحال سے متعلق گفتگو ہوئی۔
کشمیر سے متعلق وزیرخارجہ نے بتایا کہ بھارت کا 5 اگست کا اقدام واپس لینے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ اس وقت کشمیری بھارت کے اقدامات سے ناخوش ہیں اور بھارت یہ محسوس کررہا ہے کہ وہ کشمیریوں کو قائل نہیں کرسکا ہے۔
شاہ محمود نے بتایا کہ ترک صدر نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ ترکی کی دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے اعلیٰ سطح بات چیت کے لیے مشاورت کی گئی ہے۔ دورہ کی تاریخوں پر مشاورت جاری ہے۔
عمران خان کےبین الاقوامی ٹی وی کو انٹرویو سے متعلق شاہ محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےدوٹوک اندازمیں پاکستان کامؤقف پیش کردیاہے اور یہ مؤقف عوامی امنگوں کے مطابق ہے۔ دنیا میں امن کے لیے پاکستان امن کے ساتھ ہوگا اور کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ پاکستان نے افغانستان کے حوالےسے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔