حکومت و اپوزیشن میں ایسی خلیج کبھی نہیں رہی،فردوس عاشق

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیاں ایسی خلیج پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی اور یہ پہلا موقع ہے کہ سیاست میں اس قسم کے رویے سامنے آ رہے ہیں۔
سماء کے پروگرام ایجنڈا 360 میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں ہم اپنی 3 سالہ معاشی کارکردگی کا کریڈٹ لے سکتے تھے مگر حکومت اور اپوزیشن کے آمنے سامنے آنے کے بعد وہ بات پیچھے رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اپوزیشن کی تنقید کے لیے کچھ نہیں تھا کیوں کہ وہ محنت اور سوچ کے بچار کے بعد بنایا گیا تھا جس کا اپوزیشن کو صدمہ تھا اس لیے انہوں نے یہ طریقہ اپنایا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے جو اسمبلی کا ماحول آج تھا وہ پہلے دن سے ہونا چاہیے تھا۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا دونوں طرف سے ایسے اراکین موجود ہیں جہنوں نے حالات خراب کرنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسپیکر پل کا کردار ادا کر تے ہیں لیکن سابقہ وزیراعظم شاہد خاقان نے ان کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تقاریر پر حکومت کے نوجوان ایم این ایز ردعمل دیتے ہیں جو میرے خیال سے انہیں نہیں کرنا چاہیے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی نبیل گبول کا کہنا تھا کہ تنقید اور اختلاف کے لیے تشدد کے بجائے اپنی تقاریر کا سہارا لینا چاہیے۔ نبیل گبول کا کہنا تھا کہ میں خود 3 دفعہ رکن قومی اسبملی رہا ہوں لیکن کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا کہ حکومتی اراکین نے خود بجٹ اجلاس کو سبوتاژ کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر کہہ رہے ہیں کہ میرے پاس اختیارات نہیں ہیں حالانکہ اسپیکر کے پاس قانونی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی رکن کو اسمبلی اجلاس سے باہر نکال دیں۔ نبیل گبول کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف سازش پارٹی کے اندر سے ہوئی ہے اور میرے خیال سے یہ وہ لوگ ہیں جو جہانگیر ترین گروپ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں گے اس پر ہمارا کام جاری ہے کیوں کہ اسپیکراسد قیصر نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک کمزور اسپیکر ہیں۔