جعلی ڈگری یا دستاویزات ضبط کرلی جائیں گی،ایچ ای سی

ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) نے ڈگریوں اور دیگر دستاویزات کی جعلی تصدیق سے متعلق طالب علموں کو آگاہ کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ایچ ای سی کے آفیشل اکاؤنٹ سے انتباہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کچھ ایجنٹ ایچ ای سی کے افسر ہونے کا ڈھونگ رچا کر ڈگریوں اور دیگر دستاویزات کی جعلی تصدیق کر رہے ہیں۔ طالب علموں سے درخواست کی جاتی ہے کہ ایسے ایجنٹس سے ہوشیار رہیں۔
ایچ ای سی کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ انفرادی طور پر اگر کوئی آپ سے ڈگری کی تصدیق کرنے کا کہہ تو ایسے افراد سے ہوشیار رہیں۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ لوگ آپ کی بظاہر مدد کیلئے آپ کو دستاویزات یا ڈگری کی تصدیق کی آفر کرتے ہیں، تاہم وہ جعلی طریقے سے یہ کام کر رہے ہیں۔
ایسے افراد دستاویزات اور ڈگریوں کی تصدیق کے دوران ایچ ای سی کا جعلی لوگو، اسٹیمپ اور اسٹیکر استعمال کر رہے ہیں۔ ایسے تمام دستاویزات یا ڈگری جن پر غیر تصدیق شدہ مہر، اسٹیکر یا لوگو موجود ہوگا، وہ تمام ڈگریاں ضبط کرلی جائیں گی۔
BEWARE OF ATTESTATION AGENTS pic.twitter.com/BoWgYxD8PR
— HEC Pakistan (@hecpkofficial) June 18, 2021
طالب علموں سے درخواست ہے کہ اپنی ڈگریوں اور دستاویزات کی حفاظت کیلئے مقرر کردہ طریقہ اپنائیں۔
ڈگری یا دستاویزات کی تصدیق کا طریقہ کار یہ ہے۔
آپ ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر جائیں۔ ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ اکاؤنٹ بننے کے بعد آپ کو اکاؤنٹ تصدیق کی ای میل یا ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ تصدیقی پیغام موصول ہونے کے بعد آپ یا تو ایچ ای سی کے مقرر کردہ دفاتر جا کر ، یا بذریعہ اپائنٹمنٹ لے کر یا کوریئر سروس کے ذریعے اپنے دستاویزات اور ڈگریاں ایچ ای سی بھیج کر اس کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔ ڈگری یا دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے پر ایچ ای سی آپ کو ای میل یا ایس ایم ایس بھیجے گا۔
ایچ ای سی کی جانب سے تصدیق کیلئے 1 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
تصدیق کیلئے ضروری ہے کہ آپ مطلوبہ تمام کوائف، تفصیلات اصلی ڈگری یا دستاویزات اور ان کی فوٹو کاپیاں جمع کرائیں۔
کسی بھی مزید معلومات کیلئے آپ ذٰیل میں دیئے گئے نمبر پر ٹیلی فون کرکے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ call 111-119-432
یا پھر آپ ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے بھی آپ سوالات سے متعلق جوابات جان سکتے ہیں۔