کراچی:غيرقانونی تعميرات مسمارکرنے کا آپریشن جاری

سپريم کورٹ کے احکامات پر کراچی ميں غيرقانونی تعميرات مسمار کرنے کا آپریشن جاری ہے۔
جمعہ کو راشد منہاس روڈ پر آلہ دين شاپنگ سينٹر کی غیرقانونی دکانیں گرانے کی کارروائی چوتھے روز بھی جاری ہے۔ اس دوران 3بھاری مشینیں شاپنگ سینٹر مسمار کررہی ہيں۔ اب تک 80 فیصد دکان دار اپنا سامان نکال کر لے جاچکے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چند دکانوں میں مال موجود ہے اور ان کو آج شام يا کل بروز ہفتے تک خالی کردیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور سٹی وارڈنز الہ دین شاپنگ سینٹر کے باہر موجود ہیں۔شاپنگ سینٹرکےتاجروں نےعدالت سےرجوع کرنےکافیصلہ بھی کیا ہے۔
پیر 14جون کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات سے متعلق کیسز میں چیف جسٹس گلزار احمد نے الہ دین پارک سے متصل پویلین اینڈ کلب کوغیر قانونی قرار دیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی طور پر زمین کو کنورٹ کرکے کمرشل کردیا گیا، لہٰذا پولیس اور رینجرز کی مدد سے فوری کارروائی کی جائے۔
پویلین اینڈ کلب، شاپنگ ایریا گرانے سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری
منگل کو تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ ایریا غیرقانونی ہے اس لیے الہ دین پارک کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے۔فیصلےمیں کہا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے ملبہ فوری ہٹایا جائے۔