اسلام آبادیونائیٹڈ کامیاب، پشاورزلمی 248رنز کے ہدف میں ناکام

وہاب الیون 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بناسکی

پشاور زلمی کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں ناکام ہوگئی، سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ 15 رنز سے کامیاب ہوگیا۔

پی ایس ایل 6 کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 247 رنز بنا ڈالا، پشاور زلمی کی ٹیم نے زبردست مقابلہ کیا تاہم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا پائے۔ بلے بازوں کیلئے سازگار وکٹ پر مجموعی طور پر 479 رنز بنے جبکہ صرف 8 وکٹیں گریں۔

مزید جانیے: اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہیں رہا، پچھلے میچ کے ہیرو حضرت اللہ زازئی پہلی ہی گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس کے بعد بلے بازوں نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ کامران اکمل 53 اور شعیب ملک 68 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، شرفین ردرفورڈ 29، وہاب ریاض 28 اور عمید آصف 20 رنز بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عاکف جاوید نے 3، حسین طلعت نے 2 اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ظفر گوہر بغیر وکٹ حاصل کئے 65 رنز دے کر سب مہنگے بولر ثابت ہوئے۔

اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری برقرار رکھی ہے، وہ 9 میچز میں 14 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی، پشاور زلمی کے 10 میچوں میں 10 پوائنٹس ہیں۔

PESHAWAR ZALMI

ISLAMABAD UNITED

PSL6

Tabool ads will show in this div