کینیڈا:دہشتگرد حملے میں شہید مسلم فیملی کی تدفین کردی گئی

نماز جنازہ فٹ بال فیلڈ پر ادا کی گئی

کینیڈا کے علاقے لندن میں دہشت گرد کے ٹرک حملے میں شہید ہونے والی مسلم فیملی کے چاروں افراد کو لندن اونٹاریو میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق نماز جنازہ کے موقع پر کینیڈین حکام کے علاوہ دیگر رنگ، نسل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

نماز جنازہ میں شرکت کے لیے کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ اورقونصل جنرل ٹورنٹو عبد الحمید بھی جنازہ گاہ پہنچے۔ نماز جنازہ لندن وکٹوریہ میں ادا کی گئی۔

واقعہ کے خلاف کینیڈا کی سرکاری عمارتوں پر ابھی تک کینیڈین پرچم سرنگوں ہے۔

نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر دو بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے ادا کی گئی۔ تمام میتیوں کو کینیڈین پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ حملے میں بچ جانے والا  بچہ تاحال اسپتال میں ہی زیر علاج ہے۔

جنازہ سے قبل سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے شہدا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تعزیت کے پیغامات پہنچائے۔

ہفتہ کے روز پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں مقتولین کے اہل خانہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے اظہار تعزیت اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کینیڈین وزیر خارجہ نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ فزیو تھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، بیوی اور بیٹی کو دہشت گرد نے ٹرک سے کچل دیا تھا۔

قبل ازیں کینیڈا کے مختلف شہروں میں ٹرک حملے میں جاں بحق مسلم خاندان سے اظہار یکجہتی اور اسلامو فوبیا کے خلاف ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں۔  صوبہ انٹاریو کے شہر لندن کی ریلی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے ، اس موقع پر شرکا نے ’’نفرت ہلاکت خیز ہے ‘‘، ’’ ہم سب انسان ہیں‘‘ کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔شرکا نے جاں بحق مسلم خاندان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ ٹورنٹو، اوٹاوا، مانٹریال کیوبک اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

مارچ میں شامل کچھ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یہاں نفرت کی کوئی جگہ نہیں اور نفرت سے زیادہ محبت جیسے پیغامات درج تھے۔

MUSLIMS

Tabool ads will show in this div