پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 198رنز کا ہدف

کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر کی شاندار نصف سنچریاں

پاکستان سپر لیگ 6 کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 198 رنز کا ہدف دیا ہے، کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، روومان پاول نے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پی ایس ایل 6 کے ابوظہبی میں ہونیوالے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی کے محض 10 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کیلئے 125 رنز کی شراکت قائم کی۔

ایک موقع پر پشاور زلمی کے 7 اوورز میں صرف 34 رنز تھے تاہم اس کے بعد بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اگلے 13 اوورز میں 163 رنز بنا ڈالے، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔

حیدر علی صفر، شعیب ملک 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل نے 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 اور ڈیوڈ ملر نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔

روومان پاول نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے 5 چھکے اور ایک چوکا لگایا، شیرفان ردرفورڈ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 2، محمد حسنین اور خرم شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پشاور زلمی کو دو روز قبل لاہور قلندرز نے 10 رنز سے ہرایا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انجری کے باعث باہر ہونیوالے آندرے رسل کی جگہ کیمرون ڈیلپورٹ کو جبکہ وائلڈرمتھ کی جگہ ذاکر خان کو ٹیم میں جگہ دی ہے، پشاور زلمی نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

PESHAWAR ZALMI

QUETTA GLADIATORS

PSL6

Tabool ads will show in this div