عبدالقادرمندوخیل نےفردوس عاشق کو اشتعال دلایا،صداقت عباسی

تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ کل کا واقعہ قابل افسوس ہے ہاتھا پائی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے تھی لیکن عبدالقادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کو اشتعال دلایا اور گالم گلوچ کی۔
سماء کے پروگرام سات سے آٹھ میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی رہنما عبدالقادر مندوخیل کو میڈیا کا سامنا کرنے کا تجربہ نہیں ہے وہ ذاتیات پر اترآتے ہیں تاہم وہ بات اتنی بھی نہیں بڑھنی چاہیے تھی۔ یاد رہے کہ بدھ کی رات پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان اور پی پی پی کے قادر مندوخیل ایک ٹاک شو میں مدعو تھے جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان بحث شدت اختیار کرگئی تھی اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی تھی۔
فردوس عاشق اعوان کے معافی مانگنے کے سوال پر صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ اگر وہ معذرت کرتی ہیں تو اچھی بات ہے لیکن ہمیں بہرحال خواتین کا احترام کرنا ہوگا اور فردوس عاشق کو خاتون ہونے کا اڈوانٹیج دینا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات کو تحریک انصاف سے نتھی کرنا نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما شاہدخاقان عباسی اور مصدق ملک حالیہ دنوں میں پارلیمنٹ کے باہر لوگوں کو لاتیں اور تھپڑ مارچکے ہیں جبکہ شاہد خاقان کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ اگر کسی نے ایک گالی دی تو میں اسے 10 گالیاں دوں گا۔ صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشرے میں عدم براشت کم کرنے کےلیے رول ماڈل بننا ہوگا اور معاشرے میں اعتدال کےلیے سب کو کام کرنا ہوگا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کیس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی سطح پر جواب دہ ہیں اور ہم عالمی سطح پر پاکستان کے منفی تاثر کو زائل کرکے مثبت چہرہ اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ جب کلبھوشن یادیو کیس میں ہم نے عالمی عدالت انصاف کا دائرہ کار تسلیم کرلیا تو پھر ہمیں اس عدالت کے فیصلوں کو ماننا بھی پڑے گا ورنہ اس کا نقصان ملک کو ہوگا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کلبھوش یادیو کیس میں ہم عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق عمل کررہے ہیں جبکہ دوسری صورت میں کشمیر سمیت تمام عالمی معاملات میں ہمارا مؤقف کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔