تعمیراتی سریا ایک بار پھر مہنگا، آباد کا اظہار تشویش

اسٹیل مینوفیکچررز کارٹیل کیخلاف کارروائی کی جائے،فیاض الیاس

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین فیاض الیاس نے یکطرفہ طور پر سریے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ  تعمیراتی صنعت اور نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کو بچانے کیلئے اسٹیل مینوفیکچررز کارٹیل کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

فیاض الیاس نے کہا ہے کہ  اب وقت آگیا ہے کہ حکومت اسٹیل بار کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل ریگولیٹری ڈیوٹی کا خاتمہ کرے تاکہ اسٹیل کی قیمتوں میں استحکام اور اسٹیل مینوفیکچررز کارٹیل کو نکیل ڈالی جاسکے۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حکومتی عدم توجہی کے باعث تعمیراتی صنعت زوال پذیر تھی جس کے ملکی معشیت پر سنگین اثرات مرتب ہورہے تھے، تحریک انصاف کو حکومت ملنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملکی معشیت کو ترقی دینے کیلئے تعمیراتی صنعت کو مراعاتی پیکج دیا گیا جس سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہی ہوئی تھیں کہ اسٹیل مینوفیکچرز کارٹیل موقع سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سریے کی قیمتوں  میں مسلسل اضافہ کررہا ہے، اب 9 جون کو اچانک سریے کی قیمتوں میں فی ٹن 3 ہزار روپے کا مزید اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد فی ٹن سریا ایک لاکھ 46  ہزار 500 روپے کا ہوگیا۔

فیاض الیاس نے کہا کہ سریا تعمیراتی صنعت کا اہم جز ہے اس کی قیمتوں میں اضافے سے  تعمیراتی سرگرمیاں ماند پڑ جانے کا خدشہ ہے، اسٹیل کی قیمتوں میں من مانے اضافے سے فی یونٹ تعمیرات کی لاگت میں اضافہ ہوگا جس سے وزیراعظم عمران خان کے متوسط طبقے کو 50 لاکھ سستے گھروں کی فراہمی  کا منصوبہ پایۂ تکمیل کو نہیں پہنچ سکے گا۔

فیاض الیاس نے  تعمیراتی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنے کیلئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیل کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل ریگولیٹری ڈیوٹی کا فوری خاتمہ کیا جائے، اب وقت  آگیا ہے کہ مسابقتی کمیشن کردار ادا کرے اور تعمیراتی صنعت کو بچانے کیلئے اسٹیل مینوفیکچررز کے گٹھ جوڑ کیخلاف سخت کارروائی کرے۔

ABAD

CONSTRUCTION STEEL

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div