نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں سیاست دان لڑ پڑے
نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں دو سیاست دانوں کے درمیان تکرار اور ہاتھا پائی شہہ سرخیوں میں آگئی۔
بدھ کی رات پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان اور پی پی پی کے قادر مندوخیل ایک ٹاک شو میں مدعو تھے۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی نوعیت کی بحث شدت اختیار کرگئی۔ دونوں جانب سے تیز لہجے میں ایک دوسرے کے خلاف سخت الزامات عائد کئے گئے۔
اس دوران پروگرام کے اینکر نے دونوں کو خاموش کروانے کی کوشش کی مگر بات بڑھتے ہوئے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھاتے اور تلخ لہجے میں بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران پروگرام کا عملہ بیچ بچاؤ کروانے آگیا۔
جاوید چوہدری صاحب کے ٹی وی شو میں پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کے ساتھ ہونے والی بحث میں تصویر کا ایک رخ دکھایا جارہا ہے۔ قادر مندوخیل کی غلیظ زبان اور گالیوں کو اس ویڈیو کا حصہ نہ بنا کر یکطرفہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ سیاسی مکالمے سے ہٹ کر مندوخیل کی جانب سے میرے والد اور مجھے 1/2
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) June 9, 2021
غلیظ گالیاں بکی گئیں۔ ایسے بدتہذیب افراد کا سیاست اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ لوگ سیاست اور معاشرے کے چہرے پر بدنما دھبے ہیں۔ قادر مندوخیل کے اس رویے اور عمل کے خلاف جلد قانونی چارہ جوئی کی جائیگی! ایکسپریس ٹی وی سے درخواست ہے کہ معاملے کی مکمل ویڈیو سامنے لائیں! 2/2
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) June 9, 2021
ٹاک شو کے دوران پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کی جانب دھمکیاں دی گئیں۔ قادر مندوخیل نے بدزبانی اور بدکلامی کرتے ہوئے میرے مرحوم والد اور مجھے گالیاں دیں۔ اپنے دفاع میں مجھے انتہائی قدم اٹھانا پڑا! قانونی ٹیم سے مشاورت کےبعد قادر مندوخیل کےخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔ pic.twitter.com/7AbDNMaHV0
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) June 9, 2021
فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے قادر مندوخیل کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے تاحال کسی باضابطہ ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان چند برس قبل پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ تھیں اور بعد میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بنیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 29 اپریل کو این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل 15 ہزار 656 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم لیگ نون کے مفتاح اسماعیل کو 14ہزار 747 ووٹ ملے۔