ملک میں لوڈشیڈنگ 2 دن میں حتم ہوجائے گی،عمرایوب

وفاقی وزیر کا ندیم ملک آن لائن میں اعلان

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمرایوب کا کہنا ہے کہ تربیلہ ڈیم پر تعمیراتی کام کی غرض سے ٹربائن بند ہے تاہم یہ مسئلہ دو دن میں حل کرکے ملک بھر میں چند روز سے جاری لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی۔ سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ رواں سال دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بھی کم ہے جس کے باعث پن بجلی کی پیداور میں 2 ہزار میگاواٹ کی کمی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تھی اس وقت سسٹم میں 18 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی گنجائش تھی جسے ہم نے بڑھا کر 22 ہزار میگاواٹ تک پہنچایا جبکہ ڈسٹری بیوشن کے نظام میں بھی سرمایہ کاری ہوئی جس سے نظام مزید بہتر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈھائی سالوں میں لوڈ شیڈنگ کا کوئی مسئلہ نہیں تھا تاہم اب جو مسائل آرہے ہیں ان سے بہت جلد نمٹ لیا جائے گا۔ عمرایوب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے بجلی کے معاہدوں کے تحت انرجی سیکٹر کو گروی رکھا جبکہ سولر اور ونڈ پروجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 روپے مقرر کی گئی تھی جسے ہم کم کرکے 6 روپے فی یونٹ پر لے آئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم ن لیگ کے ریٹ کے حساب سے چلتے تو اس وقت بجلی کی فی یونٹ قیمت 24 روپے ہوتی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سرکولر ڈیٹ کا بہاؤ 100 ارب روپے کم کیا گیا ہے جبکہ آئی پی پی پیز کے ساتھ تازہ معاہدوں سے 4 ہزار ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے اپنے دور کے آخری 2 برسوں میں الیکشن کی وجہ سے بجلی مہنگی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے 239 ارب روپے کی ٹرپنگ ہمارے گلے پڑگئی۔ عمرایوب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں 30 فیصد بجلی فرنس آئل سے بن رہی تھی جسے کم کرکے ہم 4 فیصد پر لےآئے ہیں۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ایک طرف یہ کہتے ہیں کہ ن لیگ نے ضرورت سے زیادہ بجلی بنائی اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ بجلی کی ترسیل کم ہے اس لیے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جس طرح انہوں نے خیبرپختوںخوا میں 300 ڈیمز بنائے تھے ان کی کارکردگی بھی ویسی ہی ہے۔ رہنما ن لیگ نے سوال اٹھایا کہ اگر موجودہ حکومت نے ڈسٹری بیوشن سسٹم میں اربوں روپے لگائے ہیں تو نظام میں کوئی بہتری کیوں نہیں آ رہی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو سرکولر ڈیٹ 1200 ارب روپے ملا تھا جو اب 2400 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کی وجہ حکومت کی نااہلی اور وزراء کی کرپشن ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ایل این جی مفت مل رہی تھی تو انہوں نے کیوں نہیں خریدی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نوازشریف کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ انہوں نے بجلی کی پیداور میں اتنا اضافہ کر دیا ہے کہ اب عوام حکمرانوں کے گھروں پر پھتراؤ نہیں کرتے۔

load shedding

Omar Ayub Khan

AZMA BUKHARI

Tabool ads will show in this div