پاکستان میں 18سال سے زائدعمروالوں کی واک ان ویکسینیشن کافیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں جمعہ 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کیلئے واک ان ویکسینیشن (بغیر رجسٹریشن کے) کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
این سی او سی نے بدھ کو اجلاس میں 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کیلئے جمعہ 11 جون سے واک ان ویکسینیشن کی سہولت کے آغاز کا فیصلہ کیا۔
حکومت نے 19 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کیلئے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا آغاز 3 جون 2020ء سے کیا تھا۔
این سی او سی کے مطابق اب سے کرونا ویکسینیشن سینٹرز اتوار کو بند جبکہ جمعہ کو کھلے رہیں گے، 11 جون سے ویکسینیشن سینٹرز کے اوقات کار صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک ہوں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی قرار دی ہے۔
پاکستان نے ایک کروڑ افراد کی ویکسینیشن کا سنگ میل عبور کرلیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے رواں سال 7 کروڑ افراد کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر 3 سے ساڑھے 3 لاکھ افراد ویکسینیشن کیلئے خود کو رجسٹر کروا رہے ہیں۔
مزید جانیے: کاروبار اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی شعبوں میں پابندیوں میں نرمی
این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے ویکسینیشن مہم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ملک کو ابھی اور مزید آگے جانا ہے۔
اسد عمر نے شہریوں سے ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جتنی تیزی سے ویکسی نیشن ہوگی اتنی ہی تیزی سے پابندیاں کم کرسکتے ہیں، ابھی بھی کچھ ایسے سیکٹرز ہیں جہاں روزگار متاثر ہورہا ہے، ہمیں اس کو بھی ختم کرنا ہے۔