پیپلزپارٹی سندھ کارڈ کھیل رہی ہے،خرم شیرزمان

سندھ میں صوبے کا کام وفاقی حکومت کر رہی ہے
Jun 08, 2021

رہنما پی ٹی آئی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم ٹوٹنے کے بعد تعصب کی سیاست کرتے ہوئے سندھ کارڈ استعمال کر رہی ہے۔ سماء کے پروگرام آواز میں گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعصب پھیلائے اور سندھ میں وفاق اور باقی صوبوں کےلیے نفرت پیدا کردے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت 14 سال میں کراچی کو 14 بسیں بھی نہیں دے سکی جبکہ 18 ویں ترمیم کا سب سے بڑا نقصان اسی صوبے کو ہوا۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو اپنے بچے نجی اسکولوں میں بھیجنا پڑتا ہے اور علاج کے لیے وہ نجی اسپتالوں میں جانے پر مجبور ہیں جبکہ پانی بھی خریدنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے اراکین قومی اسمبلی کو 9 ارب 90 کروڑ روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے دیے ہیں۔ جن سے ایم این ایز نے سڑکیں بنائیں ،اسٹریٹ لائٹس لگائیں اور 9 فلائی اوورز بنائے جبکہ یہ سندھ حکومت کا کام تھا۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ بارشوں میں پورا شہر ڈوب جاتا تھا اب ہم شہر کے 4 مرکزی نالوں کی تعمیر نو کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں فائیر بریگیڈ والوں کے پاس گاڑیاں نہیں تھیں ہم نے کراچی کو آگ بجھانے کے لیے 52 گاڑیاں دیں حالاں کہ یہ وفاقی حکومت کا کام نہیں تھا۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبہ بھی وفاقی حکومت بنارہی ہے جس سے شہر میں پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا جبکہ سندھ حکومت نے اب تک کراچی کو کچھ نہیں دیا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سندھ میں تو کرونا ویکسین بھی وفاقی حکومت کی جانب سے مہیا کی جارہی ہے ورنہ اس صوبے میں تو سگ گزیدگی کی ویکسین بھی ناپید ہے۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی والوں سے جو وعدے وزیراعظم نے کیے وہ جلد سے جلد پورے ہوجائیں۔ سندھ حکومت سے بیٹھ کر معاملات حل کرنے کے سوال پر خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کو بٹھاکر کہا تھا کہ سندھ کے مسائل مل کر حل کرنے ہیں لیکن انہوں نے اس کے بعد بھی اپنا قبلہ درست نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی دور کرنے کے لیے گرین لائن منصوبہ بھی ہم بنا کر دے رہے ہیں حالاں کہ طے یہ ہوا تھا کہ دونوں حکومتیں مل کر گرین لائن بنائیں گی۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ لیاری میں بلاول بھٹو نے 8 ماہ پہلے اربن فارسٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا آج دیکھ کر آیا ہوں وہ جگہ بکرا منڈی بنی ہوئی ہے اس سے ان کے ترقیاتی منصوبوں کے حال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

cm sindh

khuram sher zaman

Tabool ads will show in this div