کیا قاضی واجد نے بھی کرونا ویکسین لگوائی تھی؟

سوشل میڈیا پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا سامنا

لاہورکی  ضلعی انتظامیہ نے کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے اپنی مہم کے سلسلے میں شہر میں مختلف بینرز لگائے ہیں جن میں سے ایک پر پاکستان کے معروف اداکار قاضی واجد کی تصویر بھی ہے جس کے ذریعے عوام کو یہ تاثر دیا گیا ہے کہ انہوں نے بھی وباء سے بچاؤ کا ٹیکا لگوا لیا ہے لہٰذا دیگر افراد بھی اس سہولت سے مستفید ہوں۔

لیکن یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ مہم کی تشہیر کیلئے جس معروف شخصیت کی تصویر استعمال کی گئی ہے وہ اب دنیا میں موجود نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ قاضی واجد فروری 2018ء میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کی وفات کرونا وباء کے دنیا اور پھر اس کے بعد پاکستان میں پھیلنے سے تقریباً 2 برس قبل ہی ہوچکی تھی۔

لاہور میں کرونا ویکسییشن مہم کے حوالے سے شاہراہوں پر لگے بینرز میں ایسی شخصیت کی تصویر کا استعمال سمجھ سے باہر ہے جو اس عالمی وبا کے آغاز سے قبل ہی دار فانی سے کوچ کر چکی ہو۔

قاضی واجد کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں اور فلم و ٹی وی سے شغف رکھنے والے بالخصوص جبکہ دیگر افراد بالعموم ان سے واقف ہیں۔ تاہم لاہور انتظامیہ کے وہ افسر یا افسران جن کی منظوری سے قاضی واجد کی تصویر غیر ضروری طور پر کرونا کی تشہیری مہم میں استعمال کی جا رہی ہے کی اطلاع کے لیے بتاتے چلیں کہ قاضی واجد کا شمار پاکستان کے انتہائی سینئر اداکاروں میں ہوتا تھا۔

انہوں نے پی ٹی وی کے معروف ڈراموں بشمول خدا کی بستی، ان کہی، مہندی، دھوپ کنارے اور تنہایاں سمیت متعدد ڈرامہ سیریل میں کام کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریڈیو، اسٹیج اور فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ قاضی واجد سن 1930 میں پیدا ہوئے تھے اور وہ اپنی فیلڈ سے تقریباً نصف صدی منسلک رہے۔

لاہور انتظامیہ کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر بھی خاصی تنقید ہورہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس حوالے سے ضلعی افسران اور پنجاب کے حکومتی اراکین پر کڑی نکتہ چینی دیکھنے میں آئی۔

COVID NEWS

Tabool ads will show in this div