چیئرمین نیب آدھی کابینہ کےوارنٹ جاری کرچکے،احسن اقبال

ندیم ملک لائیو میں گفتگو

رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے آدھی وفاقی کابینہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے اپنی دراز میں رکھ دیے ہیں کیوں کہ انہیں وزیروں کی گرفتاری کی اجازت نہیں ہے۔ سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب خود کہہ چکے ہیں کہ اگر حکومتی وزیروں کے خلاف کارروائی کی گئی تو یہ حکومت گرجائے گی۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ادویات، چینی، آٹا، ایل این جی اور پیٹرولیم سمیت ہر اسکینڈل میں حکومتی وزراء ملوث ہیں مگر کسی کی خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں کرنٹ اکاونٹ خسارے پر بہت اعتراض ہوتا ہے مگر ہماری امپورٹ کوئی پرتعیش چیزوں کی نہیں تھی بلکہ باہر سے مشینری درآمد کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 67 سال میں 18 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی جبکہ ہمارے دور میں سسٹم میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا گیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں 2 ہزار کلومیٹر موٹر وے بنائی گئی جبکہ گروتھ ریٹ بھی 5 اعشاریہ 8 تھا اور تمام عالمی ادارے بہتر معیشت کی پیشگوئیاں کررہے تھے۔ حکومت کے موجودہ معاشی اعدادوشمار سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام آزاد معاشی ماہرین حکومت کے اعداد شمار سے اتفاق نہیں کرتے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ریاست مدینہ جیسے نظام کا دعویٰ کرتی ہے جو ہمارے لیے ایک آئیڈیل ہے مگر اس حکومت میں 2 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ریاست مدینہ کا نام لے رہی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ میں یہ قانون نہیں تھا کہ انکوائری کے بغیر اپنے سیاسی مخالفین کو سالوں تک جیلوں میں ڈالا جاتا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مثال بنایا ہے کہ چاہے کوئی بھی ہو احتساب سے بالاتر نہیں جس کی مثال جہانگیرترین،علیم خان اور سبطین خان کے کیسز ہیں۔ احسن اقبال کے الزامات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اگر احسن اقبال کے پاس الزامات کے ثبوت ہیں تو انہیں عدالتوں میں جانا چاہیے کیوں کہ سزائیں دینا عمران خان کا نہیں عدالتوں کا کام ہیں۔ شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ وبائی صورتحال میں جہاں پوری دنیا کے معیشتیں زوال کا شکار ہیں وہاں عمران خان کی بہترین حکمت عملی سے ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او سمیت تمام عالمی ادارے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے ہماری پالیسی کی تعریفیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے نیب سے متعلق تحفظات ہیں مگر چیئرمین نیب ن لیگ کے دورحکومت میں لگائے گئے اور جب ہم نے ان سے نیب اصلاحات کی بات کی تو انہوں نے نیب کو ہی حتم کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہریاآفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عدالتوں میں جواب دیا لیکن جلوس ساتھ لے کر عدالتوں پر حملہ آور نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا اس وقت اسٹاک ایکس چینج میں ریکارڈ کاروبار ہورہا ہے اور تمام سیکٹرز میں گروتھ نظر آرہی ہے۔ شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو اپنے دور حکومت میں عام آدمی کا خیال کیوں نہیں آیا انہوں نے ہمیشہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے بی ایل اے اور پی ٹی ایم جیسی تنظیمیں وجود میں آئیں۔

PTI vs PMLN

Shehryar Afridi

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div