ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن نے چینی ویکسین ’’سائنو ویک‘‘ کی منظوری دیدی

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے چین کی سائنو ویک کی بطور کرونا ویکسین ایمرجنسی استعمال کی منظوری دیدی۔ اس سے قبل ڈبلیو ایچ او چین کی سائنوفارم ویکسین کی بھی منظوری دے چکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے منگل کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی چینی ویکسین سائنو ویک۔کرونا ویک کے ہنگامی استعمال کی توثیق کردی۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ممالک، فنڈز دینے والوں، خریداری کرنے والوں اور اقوام کو یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ چین کی ویکسین سائنو ویک حفاظت، افادیت اور تیاری کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں چین کی ویکسین سائنو ویک پہلے ہی استعمال کی جارہی ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ عازمین حج کیلئے سائنو ویک کے استعمال کی اجازت دے۔