اعداد وشمار سے کسی کا پیٹ نہیں بھرتا،طارق فضل چوہدری

ندیم ملک لائیو میں گفتگو

رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومتی اعداد وشمار ملک کے 96 فیصد لوگوں کو سمجھ نہیں آتے اور جہاں تک معیشت کا تعلق ہے وہ تب ہی بہتر سمجھی جائے گی جب غریب کے گھر خوشحالی آئے گی۔ سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ معیشت بہتر ہو اور غریب آدمی کو 3 وقت کا کھانا ملے مگر اس حکومت سے مجھے کوئی امید نہیں۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وبائی صورحال اپنی جگہ مگر زیادہ مسائل اس حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، گھی، دال اور چاول کسی بھی صورت میں مہنگے نہیں ہونے چاہیں کیوں کہ یہ ہر گھر کی ضرورت ہے۔ اظہار رائے کی آزادی سے متعلق طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں جس طرح میڈیا کا گلا گھونٹا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ہمارا سوشل میڈیا بھی بے لگام ہے اور اگر کوئی نیوٹرل بات بھی کرے تب بھی لوگ برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے تاکہ اس مسئلے کا بھی کوئی حل نکالا جائے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر معیشت کی صورتحال اچھی ہے تو لوگوں کی زندگی میں آسانیاں کیوں نہیں ہیں۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ حکومت قرضے واپس کیے جانے کا دعویٰ کر رہی ہے تو اس کا ریکارڈ کہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1985 سے لئے گئے قرضوں کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کی کردارکسشی کی جاتی ہے جبکہ ہم مذہب طریقے سے بھی اختلاف رائے کرسکتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں سوشل میڈیا کو ریگولرائز کرنے کی کوشش کی تھی مگر ن لیگ نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نےمزید کہا کہ ہماری ترجیحات حکومت اور اپوزیشن میں الگ الگ ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی اگر صحافیوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے تو قابل مذمت ہے چاہے وہ سندھ میں ہی کیوں نہ ہورہی ہو۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ملی تھی کیوں کہ ن لیگ کی حکومت نے تمام اثاثے گروی رکھے ہوئے تھے۔ زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے رہنما کہتے تھے کہ یہ حکومت نہیں چل سکتی کیوں کہ انہوں نے قرضے ہی اتنے لیے تھے مگر اس کے باوجود ہمارے اقدامات کے بدولت معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ زرتاج گل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میڈیا کی آزادی کا علمبردار ہے اور رہے گا ماضی میں صحافی قتل کیے جاتے تھے مگر اب ہم صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون لارہے ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ ہم صحافیوں کے تمام شکوے دور کریں گے مگر کسی واقعے کے بعد ہمیں رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے اور بغیر ثبوت کے کسی ادارے پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔

Tariq Fazal Chohadry

PTI vs PMLN

ZARTAJ GUL

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div