سندھ میں گورنر راج نہیں لگ رہا،شیخ رشید

وزیرداخلہ امن و امان کاجائزہ لینےکراچی پہنچ گئے

 وزیرداخلہ شیخ رشید نے سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ایسا کچھ نہیں کیا جارہا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سندھ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے بدھ کو کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی مشن پر نہیں بلکہ عمران خان کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وہ صوبے میں امن و امن کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد جمعرات کو دن کے 4 بجے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں کسی قسم کے اسلحہ لائسنس جاری نہیں ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کے اجراء میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کیا گیا ہے جس پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں اسلام آباد سے کراچی روانگی کے موقع شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام  کےلیے جارہا ہوں دورے کا مقصد صرف امن کی بحالی ہے۔

وزیرداخلہ کا دورہ کراچی دو روز پر مشتمل ہے جس میں وہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں امن و امان کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

شیخ رشید گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور دوران سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید احمد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر دورہ کررہے ہیں جنہوں نے منگل کو گورنر سندھ اور اسد عمر سے ملاقات کے بعد شیخ رشید کو دورہ کراچی کی ہدایت کی تھی۔

اس حوالے سے گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن امان کی صورتحال خراب ہے اور جرائم پیشہ افراد کو کچھ سیاسی لوگوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت ہوئی تو شکارپور میں ڈاکوؤں کیخلاف رینجرز کا آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے۔

cm sindh

SHAIKH RASHEED

Tabool ads will show in this div