رنگ روڈ اسکینڈل: جرم ہونے سے پہلےپکڑلیا،علی زیدی

ندیم ملک لائیو میں گفتگو

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ اسکینڈل وہ جرم تھا جو ہم نے ہونے سے پہلے پکڑ لیا جس کی وزیراعظم خود تحقیقات کر رہے ہیں اور ملوث افراد کو پوری سزا ملی گی۔

سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کا صرف نام آیا ہے لیکن انہوں نے انکوائری سے پہلے استعفیٰ دے دیا اور ساتھ میں یہ پیشکش بھی کی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالا جائے۔

علی زیدی نے کہا کہ جب رنگ روڈ اسکینڈل کی رپورٹ آئے گی تو اسے پبلک کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت اپنے لوگوں کو نہیں بچا رہی اور ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ عدالتوں میں جا کر خود کو کلیئر کرائیں۔

جہانگیرترین سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ سن 2011 میں تحریک انصاف میں آئے ہیں جبکہ ہم سن 1999 سے اس پارٹی میں ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے لیے خدمات ہیں لیکن انہیں عدالتوں میں اپنا دفاع کرنا پڑے گا کیوں کہ عمران خان کسی سیاسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتساب کے نام پر صرف سیاست ہوتی تھی ہم نے کسی ادارے کو کنٹرول نہیں کیا بلکہ ہر ادارے کو اپنا کام آزادانہ طور پر انجام دینے کا بھرپور موقع دیا ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ چینی اسکینڈل تو ن لیگ، پی پی اور مشرف دور میں بھی سامنے آئے تھے مگر کسی نے تحقیات نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ججوں کو کنٹرول نہیں کررہے جیسے ماضی میں ن لیگ والے کیا کرتے بلکہ اب تو حال یہ ہے کہ چھٹی والے دن ان کے لیے عدالتیں کھول دی جاتی ہیں اور ضمانت بھی مل جاتی ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار شریف آدمی ہوں گے لیکن وہ تحصیل لیول کے آدمی ہیں جنہیں پنجاب جیسے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ بنا کر صوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں ،اسکولوں اور سڑکوں پر پڑے کچرے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ عثمان بزدار ایک نالائق آدمی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 3 سال بعد تو ہمیں سی پیک پر پیش رفت سے متعلق بحث کرنی چاہیے تھی مگر ہم اسی بحث میں لگے ہیں کہ ہر جرم کے پیچھے مافیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ عامر کیانی اور ندیم بابر کو کرپشن پر وزارتوں سے ہٹانے کے بعد ان سے کتنی ریکوری کی گئی۔

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ رنگ روڈ اسکینڈل کے فیصلوں پر عثمان بزدار کے دستخط موجود ہیں اور شہزاد اکبر نے عمران خان کو زلفی بخاری کے خلاف رپورٹ دی ہے اس وجہ سے عمران خان ان سے ناراض ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ اسکینڈل میں عمران خان کو بچانے کےلیے زلفی بخاری کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اینٹی کرپشن سے اسکینڈل کی تحقیقات کروا رہی ہے تو وزیراعلیٰ پنجاب کو کیسے نوٹس دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ لوگ مخلص ہیں تو سپریم کورٹ سے تحقیقات کرائیں۔

Ali Zaidi

PTI vs PMLN

Ring Road Scandal

Tabool ads will show in this div