اسرائیلی جارحیت کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، وزیرخارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف ہر فورم پر آوازاٹھائیں گے۔
اتوار کو اسلام آباد میں وزيرخارجہ شاہ محمود قريشی نے او آئی سی ايگزيکٹو کونسل اجلاس کے بعد ميڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان ميں نہتے فلسطينيوں کو نشانہ بنايا گيا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی برادری سے اسرائيلی مظالم بند کرانے کا مطالبہ کيا ہے۔اسرائيلی جارحيت ناقابل برداشت ہے۔
شاہ محمود قريشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرايا جائے۔جارحيت کرنے والے اسرائيل اور مظلوم فلسطينيوں کو ايک صف ميں نہ کھڑا کيا جائے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے ميں ہيں اور کل فلسطین کےوزیرخارجہ سے بھی موجودہ صورتحال پر بات ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کے لوگوں کی ترجمانی کررہی ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں:مشرقی وسطی کی صورتحال: پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے، شاہ محمود
اس سے قبل اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی ورچوئل اجلاس میں کہا کہ غزہ میں معصوم بچے شہید ہورہے ہیں۔اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز ہے نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں۔ اسرائیلی فورسز نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کررہا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔
وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کےساتھ دو ٹوک حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلے کے حل کیلئے دو ریاستی فارمولے کے عزم کو دہراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے۔
فلسطین کی حالیہ صورتحال پر وزیر خارجہ نے چارنکاتی لائحہ عمل تجویز کردیا اور کہا کہ غزہ ميں بمباری بند کی جائے۔ انھوں نے اسرائیلی مظالم اور القدس شریف کی بے حرمتی کی شديد مذمت کی۔