کراچی: بارشوں کی پیشگوئی پرواٹر بورڈ متحرک

ایم ڈی واٹر بورڈ جناب اسداللہ خان نے واٹر بورڈ کے تمام متعلقہ انجینئرز و افسران کو کراچی میں نکاسی آب کا نظام موثر انداز سے رواں دواں رکھنے کا حکم دیدیا۔
شہر میں بارشوں کی حالیہ پیشن گوئیوں پر ایم ڈی واٹر بورڈ جناب اسداللہ خان نے لوکل گورنمنٹ منسٹر و چئیرمین واٹر بورڈ جناب ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر ایکشن لیتے ہوئے واٹر بورڈ کے تمام متعلقہ انجینئرز و افسران کو حکم دیا ہے کہ شہر کراچی میں نکاسی آب کا نظام موثر انداز سے رواں دواں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے کہا کہ اس وقت شہر میں 11اہم سیوریج پمپنگ اسٹیشن کام کر رہے ہیں، جہاں جنریٹروں کی موجودگی، وافر مقدار میں فیول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے چیف انجنیئر سیوریج اور چیف انجنیئر ای اینڈ ایم سیوریج کو خصوصی طور پر تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشن پر عملے کی موجودگی کو لازم بنانے پر زور دیا اور پمپنگ و اسٹینڈ بائی مشینری کو آپریشنل رکھنے کی ہدایات کی ہیں۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ سینٹرل ورکشاپ موبائل ڈی واٹرنگ پمپز اور سیور کلینگ مشین کے اسکواڈ کے ہمراہ سیوریج ونگ کی مدد کےلیے تیار ہے جو رات و دن کسی بھی وقت ہنگامی صورتحال میں ہر اول دستے کا کردار ماضی کی طرح ادا کرے گا۔
دوسری جانب اسد اللہ خان نے واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں اپنے ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں ایم ڈی واٹر بورڈ نے عید کی تعطیلات میں اس حوالے سے ایک خصوصی میٹنگ تمام چیف انجنیئرز شریک ہوئے اور اس میں حالیہ بارشوں میں ہونی والی صورتحال پر واٹر بورڈ کی حکمت عملی مرتب کی اور اس ضمن میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔