سندھ میں تمام تعلیمی ادارے23مئی تک بند رکھنے کا اعلان
محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں تمام تعلیمی ادارے23مئی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔صوبے میں تمام نجی وسرکاری تعلیمی ادارے23مئی تک بند رہیں گے۔
کرونا وائرس کے باعث وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تاریخ میں 23مئی تک توسیع کی تھی اور وفاقی وزارت تعلیم نے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ لکھا تھا۔
وزارت تعلیم کے مراسلہ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے احکامات کے تحت تعلیمی ادارے اب 17 تا 23مئی بند رہیں گے۔
اس کا اطلاق سرکاری، نجی تعلیمی ادارے، مدارس، ووکیشنل اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ پر بھی ہوگا۔
اس کے علاوہ 16مئی سے30سال اور زائد عمر کے افراد کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر کے مطابق ملک میں ویکسین کی دستیابی میں بہتری آرہی ہے۔ ویکسین سپلائی میں اضافے کیساتھ ویکسینیشن کیٹیگری میں اضافہ کیا جارہا ہے۔