شہبازشریف کانام آج ای سی ایل میں شامل کردیاجائیگا، وزیرداخلہ
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شريف کا نام ای سی ايل ميں ڈالنے کی سمری آج سرکوليٹ ہو جائے گی، ہمارے چور ملک سے بھاگنا چاہتے ہيں، حديبيہ کيس ميں شريف فیملی کے 5 ارکان مفرور ہيں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔
وفاقی کابینہ نے ذیلی کمیٹی کی سفارش پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری دیدی۔ ن لیگی رہنماء نے عدالت سے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت لی تھی۔
شہباز شریف نے عدالت کو بتایا تھا کہ 20 مئی کو لندن میں ڈاکٹر سے ان کا اپوائنمنٹ ہے۔
برطانیہ کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندی عائد ہے، امکان تھا کہ شہباز شریف قطر جائیں گے جہاں 10 روزہ قرنطینہ پورا کرنے کے بعد لندن روانہ ہوں گے، تاہم 8 مئی کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں دوحہ جانیوالی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال رہے ہیں، سمری آج سرکوليٹ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حديبيہ کيس ميں شريف فیملی کے 5 ارکان مفرور ہيں، کيس کے 14 ملزمان کے نام ای سی ايل ميں ہيں، دنيا بھر کے سياستدان اپنے ملک جانے کی کوشش کرتے ہيں، پاکستان کا چور سياستدان بھاگنے کی کوشش کرتا ہے، ہمارے سياست دانوں کی لوٹی دولت باہر ہے۔