کراچی:عید اسپیشل ٹرینوں کی سروس کا آغاز
اسپیشل ٹرین 14 اکنامی کلاس کی بوگیوں پر مشتمل ہے
پاکستان ریلوے کی عید اسپیشل ٹرینوں نے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سےلاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
جمعہ کو کراچی سٹی اسٹیشن سے پہلی عید اسپیشل ٹرین روانہ ہوئی۔ اندرون ملک اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لئے مسافر کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوئے۔عید اسپیشل ٹرین 14 اکنامی کلاس کی بوگیوں پر مشتمل ہے۔
کرونا ايس او پيز کو مدنظر رکھتے ہوئے 906 مسافروں کی گنجائش والی ٹرين ميں 696 مسافروں کو ٹکٹ جاری کیئے گئے۔8 ،9 اور 10 مئی تک روزانہ رات 8 بجے کراچی سٹی اسٹيشن سے عيد اسپيشل ٹرينيں روانہ ہونگی۔
ان ٹرینوں کا آخری اسٹیشن لاہور ہوگا تاہم ملتان کینٹ، ساہیوال، اوکاڑہ اور رائیونڈ بھی ٹرينوں کے روٹ ميں شامل ہيں۔
کراچی ريلوے نے مسافروں کی حفاظت کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دی ہے۔