عمران عوام کودووقت روٹی فراہم کرنےمیں رکاوٹ بن رہےہیں،پرویزرشید

Pervaiz Rashid-1405190952-501-640x480 اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ کسان پیکیج پر تنقید عمران خان کی کاشتکاروں کے مسائل اورفصلوں کی کاشت کے موسموں سے لاعلمی کا ثبوت ہے، وہ وزیراعظم نوازشریف کی کسانوں کی خوشحالی اور پاکستان کی ترقی کےلئے دیئے گئے پیکیج پر کاشتکاروں کے بنیادی مسائل سمجھے بغیر بے جا الزامات عائد کرنے سے گریز کریں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کسان پیکیج کا بروقت اجراء نہ کرتے تو کسان ربیع کی فصل کیسے کاشت کرتے، ربیع کی سب سے اہم فصل گندم ہے جو ہر ایک کو دو وقت کی روٹی فراہم کرتی ہے، عمران خان عوام کی دو وقت کی روٹی کی فراہمی میں کیوں رکاوٹ بن رہے ہیں،حکومت کسان پیکیج کو ملک کے کسانوں کی خوشحالی کی نظر سے دیکھ رہی ہے جبکہ عمران خان اسے بلدیاتی الیکشن کے مفاد کی عینک سے دیکھ رہے ہیں ،یہ پیکیج خیبر پختونخوا کے کسانوں کیلئے بھی ہے جہاں بلدیاتی الیکشن پہلے ہی منعقد ہوچکا ہے۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں زلزلہ زدگان کو رقوم کی فراہمی یقینی بنا کر ثابت کیا کہ ان کا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں زلزلہ زدگان کو فوری طور پر رقوم نہ ملتیں تو وہ موسم کی شدت کے باعث انتہائی مشکلات کا شکار ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف عوام مسائل کے حل کیلئے بروقت اقدامات اٹھاتے ہیں اور عمران خان شاید وقت گزرنے کے بعد اقدامات کے عادی ہیں، وہ شاید مریض کی وفات کے بعد اس کے علاج کے قائل ہیں لہٰذا عمران خان تنقید کرنے سے پہلے پاکستانی کاشتکاروں کے مسائل سے مکمل آگاہی حاصل کریں اور خیبر پختونخوا میں کسان پیکیج کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں کیونکہ کسانوں کو غریب اور مفلوک الحال کرکے وہ ان کی کوئی خدمت نہیں کررہے۔ سماء

IMRAN KHAN

PERVAIZ RASHEED

Farmers Package

Tabool ads will show in this div