کراچی: 10سالہ بچی کا ریپ، لواحقین کی ہنگامہ آرائی
کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں مبینہ طور پر 10 سالہ بچی کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد متاثرہ بچی کے اہلخانہ نے ملزم کے گھر پر دھاوا بولا تو علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ فائرنگ اور پتھراؤ سے 4 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں 10 سالہ بچی سے مبینہ ریپ پر اہل خانہ نے ملزم کے گھر پر حملہ کردیا۔ بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میری بچی پڑھنے کیلئے اس گھر میں جاتی تھی، جہاں ٹیچر کے بھائی نے بچی کو ریپ کا نشانہ بنایا، وزیراعلیٰ سندھ ہمیں انصاف فراہم کریں اور ملزم کو سزائے موت دی جائے۔
رپورٹ کے مطابق لواحقین نے ملزم کے گھر کا گھيراؤ کيا، کچرا جلاکر سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی تو پوليس پہنچ گئی، مگر مظاہرين نے پتھراؤ شروع کرديا۔
پوليس کے مطابق پتھراؤ سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ايک شخص فائرنگ سے زخمی ہوا۔ مظاہرين نے الزام لگايا کہ فائرنگ پوليس نے کی۔
مظاہرين کو منشتر کرکے مبينہ ریپ کے الزام ميں ايک شخص کو حراست ميں لے ليا گيا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی مبینہ ملزم کی بہن سے ٹیوشن پڑھنے آتی تھی جبکہ زیادتی کی تصدیق کیلئے بچی کا طبی معائنہ کرایا جارہا ہے۔