پاکستان آنیوالی انٹرنیشنل پروازیں 20 فیصد کرنے کا فیصلہ
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث پاکستان آنے والی مسافر پروازیں کم کرکے 20 فیصد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان آنے والی مسافر پروازیں 5 سے 20 مئی تک کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 18 مئی کو ہونیوالے اجلاس میں دوبارہ پابندیوں پر نظرثانی کی جائے گی۔
این سی او سی اجلاس کے دوان ملک میں کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 80 فیصد بین الاقوامی پروازیں کم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 20 فیصد انٹرنیشنل فلائٹس آپریٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی احکامات ملنے پر باضابطہ نوٹم جاری کرے گی۔
این سی او سی جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 131 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے، ان میں سے 52 مریضوں کا انتقال وینٹی لیٹر پر ہوا جبکہ اس دوران 5 ہزار 112 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.41 فیصد ہے۔
پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کے 91 ہزار 547 فعال کیسز ہیں جبکہ 5 ہزار 360 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی اس حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دے کر اپنا منصوبہ این سی او سی میں پیش کریگی۔
این سی او سی کا کہا ہے کہ سی کیٹیگری میں شامل ممالک کی فہرست میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ این ممالک کے شہریوں کے پاکستان آنے پر پابندی عائد ہے، تاہم پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو استثنیٰ حاصل ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان تمام ممالک سے آنیوالے مسافروں کو طے شدہ ٹیسٹنگ اور قرنطینہ پروٹوکولز پر عمل کرنا ہوگا، جس کے مطابق منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ (72 گھنٹے پرانی) دکھانا اور پاکستانی ایئرپورٹ پر آر اے ٹی کروانا لازمی ہوگا۔
بیرون ملک سے آنیوالے ایسے مسافر جن کی رپورٹ منفی ہوں انہیں 10 روز کیلئے خود کو قرنطینہ پڑے گا جبکہ مثبت رپورٹ والے مسافروں کو صوبائی اور ضلعی انتطامیہ سیلف پیڈ سہولتی مراکز میں 10 روز کیلئے قرنطینہ رکھے گی، ایسے مریضوں کا قرنطینہ کے 8ویں روز دوسرا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا جو منفی آنے پر مسافر کو گھر جانے کی اجازت ہوگی تاہم اگر ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تو اس شخص کو مزید قرنطینہ میں رکھا جائے گا یا اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔