بنوں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 185افراد گرفتار

شہر بھر میں متعدد دکانیں، مالز سیل

بنوں میں کرونا وائرس سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے  مختلف کارروائیوں کے دوران 110 مقدمات درج کرکے 185 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بنوں انتظامیہ اور پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں 307 دکانوں، 30 مارکیٹس اور شاپنگ سینٹروں کو سیل کردیا جبکہ 320 افراد کو وارننگ جاری کی۔

ڈپٹی کمشنر بنوں کپٹین (ر) محمد زبیر خان  اور ڈی پی او بنوں عمران شاہد نے کہا کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی اور خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔

وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات کے پیش نظر تمام شاپنگ مالز اور بازار شام 6 بجے سے سحری تک بند رہیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بازار مکمل طور پر بند ہوں گے۔

حکام کے مطابق میڈیکل اسٹورز، بیکریز، جنرل اسٹور، پولٹری، گوشت، فروٹ، سبزی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانیں اور پیٹرول پمپس ایس او پیز کے تحت کھلے رہیں گے۔

بنوں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی  جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بنوں کے خلیفہ گل نواز اسپتال میں کرونا وائرس کے مزید 10 مریض جان سے چلے گئے جبکہ 18 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

COVID NEWS

Tabool ads will show in this div