جنوبی افریقی کرکٹر نےاسلام قبول کرلیا

جنوبی افریقی ٹیم کے نوجوان اسپنر بورون فورچین نے اسلام قبول کرلیا۔
افریقی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افریقی کھلاڑی بورون فورچین نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام ’عماد‘ رکھ لیا ہے اور اس بات کی تصدیق کھلاڑی کی اہلیہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کی۔
اس حوالے سے بورون فورچین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُن کے ساتھی کرکٹر تبریز شمسی اور اُن کی اہلیہ نے اُنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔بورون کی اہلیہ نے بھی اسلام قبول کیا ہے۔
دوسری جانب تبریز شمسی کی اہلیہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’میں آپ دونوں کو دائرہ اسلام میں دیکھ کر بہت خوش ہوئی ہوں، میری دُعا ہے کہ آپ دونوں ہمیشہ خوش رہیں‘۔
بائیں ہاتھ سے اسپن گیندیں کرانے والے بیورن نے جنوبی افریقہ کی جانب سے ستمبر 2019 میں بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔انھوں نے اب تک 1 ون ڈے اور 7 ٹی 20 میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی۔
قبل ازیں2011 میں جنوبی افریقا کے آل راونڈر وین پارنیل نے بھی اسلام قبول کیا تھا۔