کراچی کےمزید 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر کراچی میں کیماڑی کے 2 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق کیماڑی نمبر 3 اور سائٹ میٹروول کے علاقوں میں ہوگا۔ اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند رہیں گے، جب کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو یہاں آنے یا کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج 24 اپریل کو فوری طور پر ہوگا۔ اس دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کا پابند کیا جائے گا۔ صرف ضروری اشیا کیلئے ہی لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔
علاقے میں پبلک اجتماعات، لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ ضروری اشیا کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، جب کہ کاروبار اور دفاتر بند رہیں گے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق 7 مئی تک ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔