کئی بار پاکستان سے شادی کی پیشکش ہوئی، ترک اداکارہ
ارطغرل غازی کے سیزن 3 میں ماریہ کا کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ صدف شاہین نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں کئی بار پاکستان سے شادی کی پیشکش ہوئی ہے۔
حال ہی میں تُرک اداکارہ صدف شاہین نے پاکستانی اداکار عمران خان کے ایک پروگرام میں شرکت کی جو کہ ایک آج ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے جبکہ اس پروگرام کی شوٹنگ ترکی کے شہر استنبول میں ہورہی ہے۔
تُرک اداکارہ صدف شاہین نے دوران انٹرویو کہا کہ ارطغرل غازی پاکستان میں نشر ہونے کے بعد مجھے پاکستانیوں کی جانب سے خوب پیار و محبت ملا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صدف شاہین نے کہا کہ اُنہیں کئی بار پاکستانی لڑکوں کی جانب سے شادی کی پیشکش ہوئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر مجھے کسی پاکستانی لڑکے سے محبت ہوجاتی ہے تو میں ضرور اُس سے شادی کرنا چاہوں گی لیکن شرط صرف یہ ہے کہ میں استنبول نہیں چھوڑ سکتی۔
صدف شاہین نے کہا کہ میں چاہوں گی کہ میرا شوہر بھی میرے ساتھ استنبول میں ہی رہے کیونکہ مجھے اس شہر سے بہت زیادہ محبت ہے۔
تُرک اداکارہ نے اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ میرے لیے ماریہ کا کردار ادا کرنا کافی مشکل تھا کیونکہ میں نے اس سے قبل کبھی اس طرح کا کوئی کرداد نہیں نبھایا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی میرا ایک ڈرامہ پاکستان میں نشر ہوا تھا جس کا نام ’فریحہ‘ تھا اور اس ڈرامے میں بھی میری اداکاری کو پاکستانیوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔
تُرک اداکارہ نے مزید کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اپنے مداحوں کے پیغامات کا جواب دوں اور میں اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر یہ کام ضرور کرتی ہوں۔